کرکٹ ورلڈ کپ ، پاکستان اور آئرلینڈ آج میدان میں اتریں گے
ورلڈ کپ ایونٹ میں پاکستان اور آئرلینڈ تلخ یادوں اور نئے جذبوں کے ساتھ آج میدان میں اتریں گے ۔ گرین شرٹس کے لیے آٹھ سال پرانی شکست کا بدلہ لینے
اور اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے کا اچھا موقع ہے۔
ایڈیلیڈ اوول: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ میں آٹھ سال پہلے یعنی سترہ مارچ 2007 کے ڈراؤنے خواب ثابت ہونے والے میچ کے بعد پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ ایڈیلیڈ اوول کے میدان میں صبح ساڑھے آٹھ بجے دونوں اسکواڈ آمنے سامنے ہوں گے۔ \"جو جیتا وہ اسکندر \" کا سبق دونوں کو یاد رکھنا ہے یعنی ایک فتح کوارٹر فائنل میں رسائی دلائے گی۔ قومی کھلاڑیوں نے آٹھ سال پرانی شکست کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کر دیا ہے۔ کپتان مصباح الحق کو محمد عرفان پر مان ہے تو سہیل خان بھی ٹیم کی جان ہوں گے۔ شاہد آفریدی کیرئر کے آخری ایونٹ کو یادگار بنانے کے لیے پُرجوش ہیں تو احمد شہزاد بھی فاتحانہ اننگز کھیلنے کا خواب آنکھوں میں سجائے ہوئے ہیں۔ ادھر آئرلینڈ نے اپنی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں ایک اور چھکا لگانے کا عزم ظاہر کر دیا ہے ۔ کہتے ہیں پہلے ہرا چکے ہیں اب بھی ایسا کارنامہ کر
دکھائیں گے۔ آئرلینڈ نے اہم میچ میں سابق ورلڈ چیمپئن کو تین وکٹوں سے ہرا کر دنیائے کرکٹ میں ہلچل مچا دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں میں 3 میں گرین شرٹس نے کامیابی سمیٹی۔ ایک مقابلے میں آئرش ٹیم کامیاب رہی تو ایک میچ برابری پر ختم ہوا۔