
صرف سعودی عرب سے دفاع کا وعدہ کیا ،فوج بھجوانے کی باتیں افواہ ،بندکمرے میں فیصلہ نہیں ہوا،اپوزیشن کے خدشات بے بنیاد،اللہ کرے حالات درست ہوجائیں،خواجہ آصفپاکستان جنگ میں شامل نہ ہو،نواز شریف بھٹو بن کر مسلم ممالک میں امن کیلئے کردار ادا کریں،خورشید شاہ کا قومی اسمبلی میں خطاب،عرب لیگ اجلاس کے باعث دورہ ملتوی ہوا،دفترخارجہ اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،خصوصی نیوزرپورٹر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سعودی عرب فوج بھیجنا پڑی تو پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی فوج بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا صرف سعودی عرب سے دفاع کا وعدہ کیا ہے ۔قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ فوج بھیجنے کی بات صرف افواہ ہے ،انہوں نے کہا کہ اللہ کرے حالات درست ہو جائیں۔ بند کمرے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا ،اپوزیشن کے خدشات بے بنیاد ہیں ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ اور عرب دنیا کے کئی ممالک میں جنگ کا ماحول ہے اور پاکستان کسی ایسے تنازع کو ہوا نہیں دینا چاہتا جس کے اثرات مسلم دنیا پر تفرقے کی صورت میں پڑیں۔ تفرقہ بازی کی فالٹ لائنز پاکستان میں بھی موجود ہیں اور ان میں ہلچل مچانا اور پھر اس کے نتائج بھگتنا ملک کے مفاد میں نہیں۔ اگر ہمیں وہاں جانا پڑا تو ضرور جائینگے ۔ انہوں نے کہاہمیں اس بات کا بخوبی ادراک ہے کہ لیبیا میں لڑائی جاری ہے ، شام اور عراق میں داعش کیساتھ جنگ ہو رہی ہے ، اب یمن میں بھی لڑائی شروع ہو چکی ہے جبکہ افغانستان میں پچھلے 35سال سے بدامنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کے پھیلائو کو روکنے اور مسلم امہ کے اتحاد و یکجہتی کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا ۔قبل ا زیں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ پاکستان اس جنگ کیلئے نہ جائے ، یہ خطرناک چنگاری ہے ،ہمارے گلی کوچوں میں جنگ لگے گی، سعودی عرب میں فوج بھیجنے سے قبل حکومت پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس طلب کرکے اعتماد میں لے ، بند کمرے میں فیصلہ نہ کیاجائے ۔ یمن جنگ میں شرکت سے ملک کے اندر مذہبی خلفشار پیدا ہو گا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان اس صورتحال میں اپنا تعمیری رول ادا کر ے ، پاکستان میں 20 فیصد شیعہ ہیں ہمیں یمن کی جنگ میں شریک نہیں ہونا چاہئے ، سعودی عرب سے بھی کہنا ہو گا کہ وہ امن قائم کرے اور تمام مسلمانوں کو ایک چھتری تلے جمع کرے ۔ نواز شریف عالمی امن کے لئے اٹھیں ہم ساتھ ہیں ،انہیں ذوالفقار علی بھٹو بننا ہو گا اور دنیا ئے اسلام میں امن قائم کرانا ہو گا۔ اسلام آباد ( نامہ نگار خصوصی،اے این این )یمن کے معاملے پر عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس کے با عث پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد کا دورہ سعودی عرب موخر کردیاگیا۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے گزشتہ روز سعودی عرب کا دورہ کرناتھا۔دونوں ر ہنماؤں نے یمن میں کارروائی سے متعلق سعودی قیادت سے بات چیت کرنا تھی، ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سرتاج عزیز اور خواجہ محمد آصف کا سعودی عرب کا دورہ موخر کر دیا گیا ہے ، تسنیم اسلم نے کہا کہ فوری طور پر دورے کی نئی تاریخ کا تعین نہیں ہوا۔یمن میں شیعہ باغیوں کیخلاف کارروائی کیلئے سعودی عرب نے پاکستان سے مدد کی درخواست کی تھی،جس کے بعد نواز شریف نے وزیر دفاع اور مشیر خارجہ کو سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا ۔