ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے حکم پر تھانہ سٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ایس ایچ او رانا عاطف سمیت 11ملزمان کے خلاف مقدمہ درج
مقدمہ صدف احسان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے
ٹوبہ ٹیک سنگھ
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے حکم پر تھانہ سٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ایس ایچ او رانا عاطف سمیت 11ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ،مسمات صدف احسان زوجہ محمد احسان نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج درخواست دی تھی کہ سائلہ کا اپنے خاندان میں لین دین کا جھگڑا تھا جس کی بنا پر اظہر وسیم ،مسمات سیمی یونس ، کنزا یونس ،سعدیہ یونس نے باہم صلاح مشورہ کر کے سائلہ کو تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں رانا عاطف ایس ایچ او تھانہ سٹی محمد قریش SIتھانہ سٹی ،سکندر حیات، محمد اشرف، سمیع اللہ ، مصور عباس ملازمان تھانہ سٹی اور میاں منظور احمد مسلح ہائے آتشیں اسلحہ کو بلاوایا اور سائلہ کے کمرہ میں قتل کرنے کی نیت سے زبر دستی داخل ہو گئے، اظہر وسیم نے سائلہ کے سر پر ڈنڈے مارے ،دیگرملزمان نے بھی سائلہ کو تشدد کا نشانہ بنایا سائلہ کے رہائشی کمرہ کی زبر دستی تلاشی لینا شروع کر دی ،سیف الماری سے کپڑے باہر پھینک دیئے۔ایس ایچ او اور سب انسپکٹر نے مبلغ 3لاکھ 80ہزار روپے اسلحہ کے زور پر اٹھا لیے ،جب سائلہ نے مزاحمت کی تو پولیس ملازمان نے کہا کہ ہمارے کام میں مداخلت کی تو تمہیں بھی تھانے لے جائیں گے، شور و واویلا سن کراہل محلہ نے آکر سائلہ کی جان بخشی کروائی۔سائلہ مقامی پولیس کے پاس گئی اپنا میڈیکل کر وانے کے لئے اور رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو مقامی پولیس نے رقم دینے سے صاف انکار کر دیا ، جس پرقانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے میڈیکل کر وایا پولیس نے رقم ہڑپ کر نے اور جر م سے بچنے کے لیے سائلہ کے خاوند کے خلاف من گھڑت اور فرضی مقدمہ درج کرلیا تاکہ مجبوراََ سائلہ کو صلح کرنی پڑے حالانکہ وقوعہ کے وقت سائلہ کا خاوند کارو بار کے سلسلہ میں گھر سے باہر تھا۔جس پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے مذکورہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر نے کے احکامات جاری کئے جس پر عمل در آمد کرتے ہوئے تھانہ سٹی پولیس نے ملزمان کے خلاف زیرِ دفعہ 452/380/337L2/148/149
ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔